مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی جوہری توانائی تنظیم کے سربراہ محمد اسلامی نے کہا ہے کہ جب تک عالمی جوہری توانائی ایجنسی فوجی حملوں کا نشانہ بننے والی تنصیبات کے معائنے کے لیے واضح ضوابط اور نیا پروٹوکول تیار نہیں کرتی، اس وقت تک وہ ان مراکز کے معائنے کا مطالبہ نہیں کرسکتی۔
تفصیلات کے مطابق محمد اسلامی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے متاثرہ جوہری مراکز کے دورے سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ ایران کی جوہری تنصیبات حملوں سے پہلے عالمی جوہری توانائی ایجنسی کی نگرانی میں تھیں اور ان کا ریکارڈ موجود تھا۔
انہوں نے کہا کہ جب تک جوہری توانائی ایجنسی اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کرتی اور ان مراکز کے معائنے کے لیے نیا پروٹوکول مرتب نہیں کیا جاتا، اس وقت تک ایرانی جوہری تنصیبات کے معائنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
محمد اسلامی نے مزید کہا کہ ایرانی پارلیمنٹ کے قانون کے مطابق جن مراکز کو فوجی حملوں کا نشانہ بنایا گیا ہے، ان کی سکیورٹی صورتحال کا پہلے جائزہ لیا جانا ضروری ہے۔ اس کے بعد عالمی جوہری توانائی ایجنسی کو ان مراکز کے معائنے کے طریقہ کار کے لیے واضح پروٹوکول رکھنا ہوگا۔
آپ کا تبصرہ